Election Muham Aur SiasatDano Ki Zubanen Article By Asma Tariq

الیکشن  مہم  اور سیاست دانوں کی زبانیں

اسماء طارق

زبان کسی بھی معاشرے کی پہچان ہوتی ہے اور لوگ اپنی زبان سے پہچانے جاتے ہیں یہاں تک کہ زبان آپکی سالمیت تک کے لیے بہت ضروری ہے ۔اچھی زبان اعلی قدروقیمت کی حامل ہوتی ہے ،لوگ کے بولنے کا انذار اور الفاظ کا چناؤ انکی  پہچان بن جاتا ہے ۔اچھے لوگ اور باوقار لوگ  اپنی  گفتگو کے معیار کو بھی اچھا رکھتے ہیں وہ خوشگفتار ہوتے ہیں ۔وہ اچھا بولتے ہیں اور معیاری الفاظ استعمال کرتے ہیں ۔زبان کے استعمال سے آپ کافی حد تک بتا سکتے ہیں کہ فلاں بندہ کیسا ہے اور ان کے طور طریقے کیسے ہیں یا ان کا اخلاقیات  کا معیار کیسا ہے۔ اچھی زبان اچھے کلچر کی نمائندگی کرتی ہے ۔
خاص طور پر جب آپ  اپنے لیڈروں کی بات کرتے ہو تو انہیں تو اس معاملے میں خاص احتیاط کی ضرورت ہے کیوں کہ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو آپ کی پوری دنیا  میں  نمائندگی   کرتے ہیں اور آپ کے کلچر کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ مگر جب یہی لوگ ایسی زبان استعمال کرنا شروع کر دیں کہ جسے  سن کر آپ کو شرم آ جاتی ہے مگر بولنے والوں کو فرق نہیں پڑتا ۔
ایک دور تھا کہ  سیاسی جماعتوں میں چاہے کتنے بھی اختلافات ہوتے اور وہ اپنے بیانات میں ایک دوسرے کی سیاسی پالیسیوں پر کھل کر اعتراضات کرتے تھے  مگر ایک دوسرے کی ذاتیات پر حملہ کرنے سے گریز کرتے ، جس کا یہ فائدہ ہوتا کہ وہ دکھ سکھ کے موقعوں پر اکٹھے  دکھتے اور یہ بات ملک اور قوم کے لئے اچھی  تھی ۔
مگر اب اس سوشل میڈیا کے دور میں جہاں ہمارے پاس بے پناہ آزادی آئی ہے کہ ہم کھل کر  رائے کا اظہار کر سکتے ہیں وہاں ہی بد تہذیبی بھی بڑھ گئی ہے  ۔ایک طرف تو لوگ بھی اس طرح کی زبان اور الفاظ کا استعمال کھلے عام کرنا شروع ہوگئے ہیں جس سے ہمارا کلچر مجروح ہو رہاہے اور ہماری تہذیب کی دھجیاں اڑا رہی ہیں ۔وہی ہمارے لیڈر ،ہمارے نمائندے  بھی  اخلاقیات سے کنارہ  کرتے نظرآتے ہیں ۔آئے دن سوشل میڈیا پر  مخالفین پر تیر اندازی کی جارہی ہے اور اس میں اخلاقیات کو تارتار کیا جاتاہے، ایک دوسرے کی ذاتیات پر حملے کیے جاتے ہیں۔
سیاسی فریقین اس طرح  گتھم گتھا ہوتے ہیں جسے دیکھ کر لگتا ہے  گلی کے ناسمجھ لڑکوں کی لڑائی  ہورہی ہے،  آجکل تو وہ بھی ایسے نہیں لڑتے اور اس طرح گفتگو میں ایک دوسرے کی عزتوں کو نیلام کر رہے ہوتے ہیں اور ایسے ایسے الفاظ کہ سن کر آپ کو بھی شرم آ جاتی ہے مگر انہیں فرق نہیں پڑتا-
آجکل الیکشن کا دور ہے ہر طرف سیاسی جماعتیں الیکشن مہم چلا رہی ہیں .جلسے جلوس ہو رہے ہیں  تقاریر  ہورہی ہیں خطاب کیے جارہے ہیں. مگر ان میں جو افسوسناک بات دیکھی گئی ہے جو یہ ہے کہ سیاستدان ایسی غلط زبان اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کر رہے ہیں جو اخلاقیات کے معیار سے گری ہوئی ہے.بڑے بڑے سینئر لوگ, جنہیں سیاست میں آئے عرصہ ہوگیا ہے وہ بھی ایسے الفاظ استعمال کررہے ہیں ، ایک دوسرے کو گدھا پاگل کہ رہے ہیں ، ذاتیات پر تیر برسا رہے ہیں. پارٹیاں ایک دوسرے کی ذاتیات پر حملے کر رہی ہیں،  لیڈر ایک دوسرے کی خاندان تک انگلیاں اٹھا رہے ہیں.
گالی گلوچ کی سیاست فروغ پا رہی ہے. کہیں بلاول کی تیر اندازی ہے تو کہیں کپتان کہ گولہ باری تو کہیں شہباز کے حملے سب کے  سب ایسے   ہی  سخت الفاظ استعمال کرتے ہیں جو کسی طور مناسب نہیں ، ایک دوسرے کی پالیسیوں کو نشانہ بنانے کی بجائے ایک دوسرے کی ذاتیات پر حملہ کرتے ہیں. جب بڑے بڑے لیڈروں کی یہ حالت ہو گی تو وہاں چھوٹے نمائندوں نے تو کوئی کسر نہیں چھوڑی ہونی . یہ سب دیکھ کر لگتا نہیں کہ یہ جمہوریت کی سیاست ہے یہاں تو ہر طرف بادشاہت نظر آتی ہے. یوں لگتا ہے ہر پارٹی کے رکن اپنے اپنے بادشاہ کو خوش کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور اس لیے مخالفین کو ہر طرح کی دھول  چٹاتے ہیں،  ان کی تقاریر  اور بیان سن رہا کر آپ کو شرم آ جاتی ہے مگر انہیں فرق نہیں پڑتا اور یہ سب کرنے والے کوئی گلی محلے کے ان پڑھ لوگ نہیں ہیں بلکے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار لوگ ہیں، جنہیں سیاست میں آئے عرصہ ہو گیا ہے.یہ سب دیکھ  کر خوف آتا ہے کہ ہماری سیاست کس طرف جارہی ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے کیا چھوڑ کر جارہی ہے گالی گلوچ کے علاوہ.
ان حالات کو دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ ہمارے لیڑز کس قدر سیاست کی  بنیادی تربیت سے محروم ہیں،  اور ہمیں سیاسی تربیت کی اشد ضرورت ہے.کیا ہماری تقاریر ذاتیات پر حملے کیے بغیر نہیں ہوسکتی ہیں ، اس دوسرے کی عزت اچھالے بغیر ہمارا گزارا ممکن نہیں. کیا دوسروں کو گالی گلوچ دئیے بغیر  ہماری سیاست ممکن نہیں .یہ سب برے کلچر کی پیداوار ہے مگر ہم اس کو سمجھنے سے انکاری ہیں. پتا نہیں ہم کیوں بهو ل جاتے ہیں کہ یہ بدتمیزی ہماری ذات سے شروع ہو کر ہماری ذات پر  ہی ختم ہوتی ہے. اللہ ہی  رحم کرے ہمارے حال پر.

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*